Mobile Phone

6/recent/ticker-posts

نئے سال کا سورج ابھرنے کے ساتھ ’’بلیک بیری‘‘ کا سورج ڈوب گیا

 
سنہ 2000ء میں دنیا بھر میں اپنے کلاسک سمارٹ فونز کے ذریعے مقبولیت کی بلندیاں چھونے والی کینیڈین کمپنی ’’بلیک بیری‘‘ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی تمام ڈیوائسز کیلئے اپنی سروسز ختم کر رہی ہے۔ 4؍ جنوری 2022ء سے وہ تمام ڈیوائسز جو بلیک بیری 7.1 اور اس سے پہلے کے ورژن، بلیک بیری 10 سافٹ ویئر اور بلیک بیری او ایس 2.1 اور اس سے پہلے کے ورژن بند کر دیے جائیں گے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ان ورژنز پر صارفین فون کال کر سکیں گے اور نہ ٹیکسٹ پیغام بھیج پائیں گے۔ حتیٰ کہ ایمرجنسی کیلئے 911 بھی ڈائل نہیں کر سکیں گے۔ بلیک بیری کا کہنا ہے کہ اس کی ڈیوائسز پر وائی فائی استعمال کرنا بھی قابل بھروسہ نہیں ہو گا جبکہ بلیک بیری لِنک، بلیک بیری ڈیسک ٹاپ مینیجر، بلیک بیری ورلڈ، بلیک بیری پروٹیکٹ، بلیک بیری میسینجر اور بلیک بیری بلینڈ جیسی ایپلی کیشنز بھی محدود فعالیت کے ساتھ کام کریں گی۔ 

یاد رہے کہ بلیک بیری نے پہلی مرتبہ 2000ء میں اپنا فون مارکیٹ میں متعارف کرایا تھا اور اس کے بعد پروفیشنل حضرات کیلئے یہ فون ضروری چیز بن گئی کیونکہ اس میں ای میلز اور میسیجز لکھنا آسان ہو گیا تھا۔ 2001ء سے 2007ء تک یہ فون مقبول ترین فون بن گیا تھا تاہم 2016ء میں بلیک بیری سے ٹاپ سمارٹ فون کا تاج چھن گیا جس کی اہم ترین وجہ ایپل کا آئی فون تھی۔ دیگر وجوہات میں بلیک بیری کی جانب سے مارکیٹ کے رجحانات کے مطابق خود کو نہ ڈھالنا، صارفین کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر پراڈکٹس تیار نہ کرنا اور خراب ڈیزائن کی وجہ سے بالآخر 2018ء میں کمپنی اُس نہج پر جا پہنچی کہ اسے آئندہ سمارٹ فونز تیار نہ کرنے کا اعلان کرنا پڑا۔ بلیک بیری آپریٹنگ سسٹم (او ایس) کا آخری ورژن 2013ء میں سامنے آیا تھا اور اب کمپنی نے اپنی ڈیوائسز کیلئے اپ ڈیٹ جاری نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ

 


Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments